ممبئی،28؍ اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اب مہاراشٹر میں کسانوں کو کھاد پر سبسڈی لینے کے لئے بھی آدھار کارڈ ضروری ہوگا۔کھاد ڈیلروں کو پی او ایس مشینیں دی گئی ہیں جس کے ذریعہ آدھار نمبر کے بغیر کسان کے اکاؤنٹ میں سبسڈی نہیں آئے گی۔ریاست کے وزیر زراعت پانڈرگ پھنڈکر نے جمعہ کو اعلان کیا کہ ریاست میں کسانوں کو سبسڈی حاصل کرنے کے لئے ڈیلر کے پاس ’پوائنٹ آف سیل‘ مشینوں کے ذریعے کھادخریدنے کے دوران اپنا آدھار نمبر دینا ہوگا۔کھاد پر ملنے والی سبسڈی اس کے بعد کسان کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی۔یہ قانون ایک نومبر سے نافذہوگا۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں 20,988 کھادڈیلر ہیں اور ہر ایک کو مناسب تربیت کے ساتھ پی او ایس مشین دی گئی ہے۔آدھار کے بغیر کسان کھاد پر سبسڈی نہیں لے سکیں گے۔